پاکستان تمام اقتصادی شعبوں میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کے لیے آزادانہ پالیسیاں اورپرکشش مراعات پیش کرتا ہے ، امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان کا امریکی سرمایہ کاروں سے خطاب

52

واشنگٹن۔11نومبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے اقتصادی اصلاحات اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے پاکستانی حکومت کے عزم کا اعادہ کیاہے۔ انہوں نے گزشتہ روز واشنگٹن میں 20-20 انویسٹمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ سالانہ اجلاس کے آخری سیشن میں امریکی سرمایہ کاروں سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان تمام اقتصادی شعبوں میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کے لیے آزادانہ پالیسیاں اور پرکشش مراعات پیش کرتا ہے ۔

انہوں نے اس حوالے سے پاکستان کے منفرد جیوسٹریٹجک محل وقوع ، وسیع انسانی وسائل اور جیو اکنامکس کے حوالے سے پاکستانی حکومت کے وژن پر بھی روشنی ڈالی جو مضبوط بین الاضلاعی تجارت اور رابطوں کو فروغ دینے پر مبنی ہے۔انہوں نے افغانستان میں ایک جامع سیاسی تصفیے کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

تاہم یہ بھی اہم ہے کہ افغانستان کی سیاست میں ہونے والی تبدیلی کی حقیقت کو تسلیم کیا جائے اور افغان عوام کو انسانی المیے سے بچنے میں مدد دی جائے جس کے اثرات خطے اور اس سے باہر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے زور دیا کہ پاکستان کے لیے امریکا کے ساتھ طویل المدت شراکت داری اہمیت کی حامل ہے اور پاکستان امریکا کے مضبوط اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔

اسد مجید خان نے پاکستان میں اقتصادی خاص طور پر زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کی بھی نشاندہی کی جہاں دونوں ممالک برابر فوائد کے حصول کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں