اسلام آباد ۔ 5 جولائی (اے پی پی) پاکستان جوڈو فیڈریشن نے رواں ماہ کے آخری ہفتے قومی کھلاڑیوں کے لئے آن لائن کوچنگ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شاہ حسین شاہ اور آمنہ طیاڈا جاپان اور باقی قومی کھلاڑی یہاں پر گھروں میں انفرادی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن (پی جے ایف) کے نائب صدر مسعود احمد خان نے اے پی پی کو بتایا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے تمام جوڈو کی سرگرمیاں رواں سال ستمبر تک معطل ہیں لیکن اس کے باوجود قومی کھلاڑی شاہ حسین شاہ اور آمنہ طیاڈا جاپان میں ایک یونیورسٹی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں جبکہ باقی دیگر قومی کھلاڑی پاکستان میں گھروں میں انفرادی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر کے بعد انٹرنیشل جوڈو فیڈریشن(آئی جے ایف) جو بھی عالمی ایونٹس کے شیڈول جاری کریں گے پاکستان ان مقابلوں میں بھر پور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے دو ہفتے قبل آن لائن ریفری اینڈ ججز کورس کا انعقاد بھی کیا تھا۔ مسعود احمد خان نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی کھیل میں بہتری اور نکھار لانے کے لئے آن لائن کوچنگ پروگرام مرتب کر رہا ہے جوکہ رواں ماہ جولائی کے آخری ہفتہ میں متوقع ہے۔