پاکستان خطے کا پانچواں سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا ہے ‘پی ٹی آئی کا ایک اہم منشور آبادی میں اضافے کے چیلنج سے نمٹنا ہے ‘ وفاقی وزیراسد عمر

85

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کا پانچواں سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا ہے جس کی آبادی میں سب سے زیادہ شرح نمو ہے، پی ٹی آئی کا ایک اہم منشور آبادی میں اضافے کے چیلنج سے نمٹنا ہے ۔بدھ کوپاکستان کی آبادی کی صورتحال کے تجزیہ رپورٹ 2020 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ میں مقامی ماہرین کے ساتھ غیر ملکی ماہرین کی بھی مہارت شامل ہے جو ہقیناً گہرے جائزوں کے بعد تیار کی گئی ہے، اسد عمر نے کہاکہ پی ٹی آئی کا ایک اہم منشور آبادی میں اضافے کے چیلنج سے نمٹنا ہے ، حکومت اپنے وسائل پر آنے والے بوجھ کو کم کرکے ماؤں ، بچوں اور کنبوں کی صحت اور پاکستان کی خوشحالی کے لئے آبادی میں اضافے کی شرح کو کم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اسد عمر نے کہاکہ گزشتہ دو مردم شماریوں کے درمیان آبادی میں اضافے کی شرح 2.4 فیصد رہی ، آبادی اس طرح بڑھتی رہی تو اس کے قدرتی اور معاشی وسائل پر پاکستان کو انتہائی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشور میں بھی بنیادی ہیلتھ یونٹس، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور زچہ و بچہ کی صحت کی دیکھ بھال کے نیٹ ورک کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے، محکمہ صحت اور محکمہ آبادی کے بہبود کے محکموں کے مابین ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لئے اہم ساختی اصلاحات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، متوقع ماؤں اور نئے والدین کو خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق مشاورت کی فراہمی یقینی بنانا یے، اسد عمر نے کہاکہ کوشش ہے کہ اس موضوع پر بین الصوبائی ہم آہنگی ہو اور اس کو صوبائی اہداف اور قومی اہداف کے مطابق ہونا چاہئے، نجی شعبے ، این جی اوز ، ترقیاتی شراکت داروں اور ڈونر ایجنسیوں سے بھی آبادی کے ایجنڈے میں اصلاحات اور وسائل کو بانٹنے کے لئے حکومت کے ساتھ شراکت کرنے کی ضرورت ہے ۔