پاکستان ریلوے نے 215 بغیر ٹکٹ مسافروں سے کرایہ و جرمانہ کی مد میں1 لاکھ 38 ہزار 550 روپے وصول کئے

11
Railways

لاہور۔24جون (اے پی پی):پاکستان ریلوے نے مختلف کارروائیوں کے دوران215 بغیر ٹکٹ مسافروں سے کرایہ و جرمانہ کی مد میں1 لاکھ 38 ہزار 550 روپے وصول کئے۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایات کے مطابق ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے میاں طارق لطیف کی ٹیم نے لاہور سے براستہ نارووال۔وزیر آباد جانے والی سیالکوٹ ایکسپریس اور سیالکوٹ سے براستہ نارووال لاہور آنے والی لاثانی ایکسپریس پر چھاپے مار کر109 مسافروں کو بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہوئے پکڑا۔ریلوے قانون کے مطابق بغیر ٹکٹ مسافروں سے کرایہ و جرمانہ کی مد میں56 ہزار990 روپے موقع پر وصول کر کے ریلوے خزانہ میں جمع کروا دیئے۔اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے میاں طارق لطیف کا کہنا تھا کہ مسافر ٹرین میں سوار ہونے سے پہلے ٹکٹ خرید کر سفر کریں تاکہ جرمانہ سے بچا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف ریلوے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو کہ کرایہ و جرمانہ کے ساتھ ساتھ قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔اس کے علاوہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور میاں طارق لطیف کی سخت نگرانی میں پاکستان ریلوے لاہور کے ڈی سی او گروپ نے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف موثر کارروائیاں عمل میں لائیں۔سیالکوٹ سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس، راولپنڈی سے کراچی جانے والی تیزگام،لاہور سے کراچی جانے والی قراقرم، لاہور سے راولپنڈی جانے والی ریل کار میں سخت چیکنگ کی گئی۔ان ٹرینوں میں اچانک اور خفیہ چیکنگ کے دوران106 مسافر بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہوئے پائے گئے۔

ان سے ریلوے قوانین کے مطابق کرایہ و جرمانہ کی مد میں مجموعی طور پر81 ہزار560 روپے وصول کئے گئے جو فوری طور پر قومی خزانے میں جمع کرا دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے بغیر ٹکٹ سفر کی روک تھام کیلئے اپنی کارروائیاں مزید موثر بنا رہا ہے تاکہ عوام الناس کو محفوظ، معیاری اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔