پاکستان سمیت دنیا بھر میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کا عالمی دن منایا گیا

20

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کا پہلا عالمی دن (منگل ) 10 جون کو منایا گیا۔ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد متنوع تہذیبوں کی اقدار، مذاکرات ، باہمی احترام ، برداشت اور عالمی سطح پر یکجہتی کا فروغ ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بین الاقوامی امن واستحکام کے فروغ کےلئے مذاکرات کے بنیادی اصول پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں منایا جانے والا تہذیبوں کے درمیان مکالمے کا عالمی دن تہذیبوں کے تنوع کو اجاگر کرتا ہے جس سےبین الاقوامی سطح پر یکجہتی کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 7 جون 2024 کو یہ دن منانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد رواں سال 10 جون کو تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے عالمی دن کے طور پر منایا گیا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے سرکاری ، غیر سرکاری اور نجی اداروں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا تاکہ بین الاقوامی امن و استحکام میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے کردار کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاسکے۔