اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں معذور افراد کا عالمی دن منایا گیا ۔ اس دن کے منانے کا مقصد خصوصی افراد کی تکالیف اور ان کے معاشی و سماجی حقوق سے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا اور سپیشل افراد کو ملک کا مفید شہری بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہے۔ اس سال کا موضوع "معذور افراد کے حقوق سے متعلق کنونشن: ہم سب کے لئے وقار اور انصاف” معذور افراد کی طرف سے انسانی حقوق کے مکمل اور مساوی مواقع اور معاشرے میں شرکت کے مقصد پر مبنی تھا، جسے 1982 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے معذور افراد سے متعلق ورلڈ پروگرام آف ایکشن کے ذریعہ قرار دیا تھا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں معذوروں کا عالمی دن اقوام متحدہ کی ہدایت پر 1982ء سے منایا جا رہا ہے اس دن کو منانے کی باقاعدہ منظوری جنرل اسمبلی نے دی تھی۔اپنے قیام سے لے کر اب تک اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے کہ انسانی خاندان کے تمام افراد کا فطری وقار اور مساوی اور ناقابل تنسیخ حقوق دنیا میں آزادی، انصاف اور امن کی بنیاد ہیں،دنیا کی تقریبا 10 فیصد آبادی یا 650 ملین افراد معذوری کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایسے بچوں کو علاج کے ساتھ ساتھ توجہ کی خصوصی ضرورت رہتی ہے،خصوصی بچوں کے والدین کیلئے بھی یہ صورتحال کسی کڑے امتحان سے کم نہیں، تاہم ان کے حوصلے بلند ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بچوں کو احساس کمتری کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے انہیں مکمل توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=416174