پاکستان شاہینز اور زمبابوے سلیکٹ کے درمیان ون ڈے سیریز بدھ سے شروع ہو گی

178
پاکستان شاہینز اور زمبابوے سلیکٹ کے درمیان ون ڈے سیریز (کل) شروع ہو گی

لاہور۔16مئی (اے پی پی):زمبابوے کا دورہ کرنے والی پاکستان شاہینز اور زمبابوے سلیکٹ کے درمیان چھ ون ڈے میچوں کی سیریز بدھ سے شروع ہوگی۔ سیریز کے تمام میچز ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے ۔پاکستان شاہینز نے دورہ کے دوران زمبابوے اے کے خلاف 2 چار روزہ میچز میں فتح حاصل کی تھی۔

شاہینز نے پہلا میچ آٹھ وکٹوں سے جبکہ دوسرا میچ اننگز اور 41 رنز سے جیتا تھا۔پاکستان شاہینز میں کپتان عمران بٹ سمیت آٹھ کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔ان کھلاڑیوں کے علاوہ ٹیم اپنے لیفٹ آرم سپنر مہران ممتاز سے بڑی امیدیں وابستہ رکھے ہوئے ہے۔ مہران ممتاز نے چار روزہ میچوں میں مجموعی طور پر پندرہ وکٹیں حاصل کی تھیں۔بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان شاہینز کے پاس باصلاحیت حسیب اللہ ،محمد حریرہ ، عمیر بن یوسف موجود ہیں جنہوں نے چار روزہ میچوں کی سیریز میں سنچریاں بنائی تھیں۔ٹیم میں صائم ایوب کی بھی شمولیت ہوئی ہے جو آٹھ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں ۔صائم ایوب نے کہا کہ ان کے لئے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک زبردست تجربہ رہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس تجربے سے پاکستان شاہینز کو بھی فائدہ پہنچائیں۔

اس سیریز کی تیاری بہت ہی عمدہ رہی ہے اور کوچنگ سٹاف کھیل کے تمام شعبوں میں کھلاڑیوں پر محنت کررہا ہے ۔واضح رہے کہ اس سیریز میں زمبابوے سلیکٹ ٹیم میں ان کے انٹرنیشنل کرکٹرز بھی شامل ہونگے تاکہ انہیں ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے تیاری میں مدد مل سکے۔پاکستان شاہینز کی ٹیم میں عمران بٹ ( کپتان ) حسین طلعت ( نائب کپتان ) ، عامر جمال، عبدالواحد بنگلزئی، حسیب اللہ خان ، کامران غلام، مہران ممتاز، میرحمزہ ، محمد علی، محمد حریرہ، مبصر خان، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، روحیل نذیر، صائم ایوب اور شاہنواز دھانی شامل ہیں، جبکہ اعزاز چیمہ ٹیم کے ہیڈکوچ اور عبدالرحمن کنسلٹنٹ ہیں۔ون ڈے سیریز کا پہلا میچ (کل) 17 مئی کو کھیلا جائے گا ، دوسرا ون ڈے 19مئی، تیسرا 21مئی ، چوتھا23مئی ، پانچواں 25مئی جبکہ چھٹا اور آخری ون ڈے میچ ۔27 مئی کوکھیلا جائے گا۔