پاکستان علاقائی ڈیجیٹل مرکز بننے کی بے پناہ صلاحیت کا حامل ہے،شاہد عمران

6

لاہور۔22جون (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ نوجوان آبادی اور تیزی سے فروغ پذیر انٹرنیٹ کی وجہ سے پاکستان علاقائی ڈیجیٹل مرکز بننے کی بے پناہ صلاحیت کا حامل ہے۔

اتوار کو یہاں عبدالرحمان کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای کامرس سے لے کر فن ٹیک تک اور فری لانسنگ سے آئی ٹی برآمدات تک ڈیجیٹل سیکٹر نئے معاشی اور روزگار کے مواقع پیدا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ٹارگٹڈ حکمت عملی، جرات مندانہ لیڈر شپ اور باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کا وقت آن پہنچا ہے، پاکستان ڈیجیٹل معاشی ترقی کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کر سکتا ہے تاہم اس صلاحیت کا ادراک کرنے اور زیادہ سے زیادہ فوائد سمیٹنے کے لیے ڈیجیٹل ویژن کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے جدت کے اس عمل کو تیز تر کیا جا سکتا ہے جبکہ اسٹارٹ اپس اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہیں۔ شاہد عمران نے کہا کہ سائبرسکیورٹی، ڈیٹا پروٹیکشن اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے مضبوط ایکو سسٹم کو بھی اولیت دی جانی چاہیے جبکہ پالیسی کی مستقل مزاجی اور ادارہ جاتی صلاحیت کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔