پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کے وفد کی زلزلے سے متاثرہ ترکی اور شام کے سفیروں سے ملاقات

116
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے تباہ کن زلزلے سے متاثرہ ترکی اور شام کے برادر عوام کے لیے عطیات دینے کی غرض سے ترکی کے سفیر مہمت پیکاسی اور شام کے سفیر رمیز الراعی سے یہاں ملاقات کی ہے۔

جمعہ کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کی صدر مسز زنیرہ اسد نے انہیں چیک بھی پیش کیا۔ پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کی صدر نے دونوں ملکوں میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے المناک نقصان اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے مرنے والوں کے لیے دعا اور باہمت برادر لوگوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ترجمان کے مطابق پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کی طرف سے دیے گئے عطیات ضرورت کے اس وقت ترکی اور شام کے برادرانہ عوام کے لیے وزارت خارجہ کی یکجہتی اور حمایت کو ظاہر کرتے ہیں۔

پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن نے ملک میں2005 کے زلزلے، 2010 اور 2022 کے سیلاب سمیت بیرون ملک اور قومی سطح پر قدرتی آفات کے متاثرین کی فلاح و بہبود اور ہنگامی امداد کی کوششوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن ایک رجسٹرڈ غیر سرکاری تنظیم ہے جو پاکستان فارن سروس کے افسران کی شریک حیات اور پاکستان کی خواتین سفارت کاروں کو خیراتی کاموں کے لیے یکجا کرتی ہے۔