پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد وسطی ایشیائی ریاستوں کے دورے کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش کرے گا، میاں کاشف اشفاق

Mian Kashif Ashfaq
Mian Kashif Ashfaq

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایف سی میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد وسطی ایشیائی ریاستوں کے دورے کے دوران نئے تجارتی مواقع اور سرمایہ کاری کے امکانات کی تلاش کرے گا۔

اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےمیاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وسطی ایشیائی ریاستوں کی بھرپور ثقافتی اور معاشی حرکیات کو تسلیم کرتے ہوئے ہم ان کے ساتھ بامعنی شراکت داری قائم کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ریاستوں کا پی ایف سی کا دورہ مارکیٹ ترجیحات اور رجحانات کے بارے میں رہنمائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ فرنیچر انڈسٹری کے ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل وفد باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ اس سے نہ صرف سرحد پار تجارت اور اشیاءکے تبادلے کو فروغ ملے گا بلکہ یہ ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی خوشحالی میں بھی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد پاکستانی فرنیچر کے تنوع اور معیار کے بل پر وسطی ایشیائی مارکیٹ میں اپنا مقام بنانا اور دیرپا تجارتی روابط پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ممکنہ تعاون اور مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کے خدشات کو دور کریں گے اور پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت و تعاون کے متحرک مستقبل کی راہ ہموار کریں گے۔