پاکستان ماحول دوست اقدامات پرعمل پیراہے، پاکستانی قوم موسمیاتی تبدیلی کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے، وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کا تقریب سے خطاب

129
Rumina Khursheed Alam
Rumina Khursheed Alam

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشیدعالم نے موسمیاتی تبدیلی کو بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے اقدامات جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحول دوست اقدامات پرعمل پیراہے، پاکستانی قوم موسمیاتی تبدیلی کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے۔

رومینہ خورشیدعالم نے کہا کہ پلاسٹک سیکٹر کا جی ڈی پی میں15 فیصدحصہ ہے، پلاسٹک کی وجہ سے ہمارا ماحول متاثر ہورہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر ہم پلاسٹک استعمال کر رہے ہیں جو ماحول کو زہر آلودہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 11 ہزار سے زائد پلاسٹک یونٹ ہیں جس سے10لاکھ افراد وابستہ ہیں ۔

وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نے کہا کہ ملک میں پائیدار صنعت چلانے کےلئے اقدامات کرنا ہوں گے ، ماحولیاتی تحفظ کےلئے ہمارے اقدامات دوسرے ممالک کےلئے قابل تقلیدہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سخت فیصلے آئندہ نسلوں کی بقاکے ضامن ہیں۔ رومینہ خورشیدعالم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کامقابلہ کرنے کےلئے علاقائی بنیادوں پر کام کرناہوگا۔