
پشاور۔ 30 جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھوم رہی ہے۔اتوار کو کبلگرام پل سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد ڈنڈائی کے علاقے میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نواز شریف حکومت کی طرف سے تعمیر کی گئی ہزارہ موٹروے نے خیبر پختونخوا خصوصاً ہزارہ ڈویژن کے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہزارہ موٹروے کی تعمیر کے بعد شانگلہ اور اسلام آباد کے درمیان فاصلہ نمایاں طور پر کم ہوا ہے جس سے ہزارہ بالخصوص اور خیبر پختونخواہ میں بالعموم تجارت، کاروبار اور سیاحت کو فروغ ملا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ان کی پارٹی کا وژن پاکستان کی یکساں ترقی، عوام کی سماجی و اقتصادی بہبود اور مسائل کا ان کی دہلیز پر حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشام خوازہ خیلہ ایکسپریس وے کو سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے کلیئر کیا ہے اور ایکنک سے منظور کیا گیا جو 80 ارب روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تعمیر سے شانگلہ، سوات، دیر، مردان اور پشاور کے اضلاع کے درمیان فاصلہ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا اور پورے مالاکنڈ ڈویژن کو تجارت اور سرمایہ کاری کا مرکز بنا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے ملک کو معاشی ڈیفالٹ سے بچایا ہے اور معیشت کو دوبارہ پٹری پر لایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کیا اور ملک کو سیاسی طور پر غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 9 مئی کی توڑ پھوڑ نے ایک لیڈر کے منفی عزائم کو بے نقاب کر دیا، جس نے تبدیلی کے نام پر خیبرپختونخوا کے لوگوں کو دھوکہ دیا۔ امیر مقام نے کہا کہ سابق حکمران کے تمام مذموم عزائم جنہوں نے 9 سال تک نام نہاد تبدیلی پر خیبر پختونخوا کے عوام کو دھوکہ دیا اور ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی، اتحادی حکومت نے ناکام بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ملک کو دیوالیہ پن اور معاشی نادہندہ ہونے سے بچانا وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ان کی مالیاتی ٹیم کی بڑی کامیابی ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت 2005 کے زلزلے ، 2010 اور 2022 کے سیلاب اور دہشت گردی سمیت ہر مشکل حالات میں خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی رہی اور ان کے مسائل حل کئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ سال سوات اور کوہستان سمیت خیبرپختونخوا کے تمام سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سیلاب میں اربوں روپے کی امداد تقسیم کی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اپنی جان پر ہونے والے کئی حملوں کے باوجود وہ خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے مسائل کو ہر فورم پر اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آنے کے بعد ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھے گی اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرے گی۔ اس موقع پر نامور سیاسی کارکنوں جن میں نذیر زادہ، زیاد خان، سبحان اللہ، شیر دل، شمس الرحمان اور دیگر نے دیگر سیاسی جماعتوں سے استعفیٰ دے کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔
انہوں نے انجینئر امیر مقام کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور پارٹی کی مضبوطی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ امیر مقام نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔