34.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے شدید متاثر ہورہا ہے، بحران کا...

پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے شدید متاثر ہورہا ہے، بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، وزیر اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم کا قومی یوتھ ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے شدید متاثر ہو رہا ہے، اس بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں قومی یوتھ ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے موسمیاتی بحران کے حل کے لیے نوجوانوں کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک بڑا ترقیاتی چیلنج بھی ہے جس کا اثر ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی پر بھی پڑ رہا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات سے نہ صرف موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں عالمی اور قومی بیانیہ میں تبدیلی آرہی ہے بلکہ نوجوان نسل موسمیاتی بحران سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ رومینہ خورشید عالم نے وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کی طرف سے موسمیاتی تبدیلی کی چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا ذکر کیا اور کہا کہ حکومت عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچائو کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر اہم اقدامات اٹھا رہا ہے اور موسمیاتی پالیسی کے تحت اس مسئلہ کا حل نکالنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے نوجوانوں کی آگاہی بڑھانا بہت ضروری ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں میں موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پیدا کریں تاکہ یہ نئی نسل اس بحران کے حل میں اہم کردار ادا کرسکے۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ موسمیاتی بحران کا سامنا کرنے کے لیے نوجوانوں کی مدد اور ان کی قیادت انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ وہ نسل ہے جو آنے والے وقت میں موسمیاتی چیلنجز کا حل نکالنے میں سب سے زیادہ موثر ثابت ہوسکتی ہے۔

رومینہ خورشید عالم نے نوجوانوں کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ نہ صرف اپنے معاشروں میں موسمیاتی آگاہی پیدا کریں بلکہ اس حوالے سے عملی اقدامات بھی اٹھائیں تاکہ پاکستان کے موسمیاتی بحران کا موثر حل نکالا جاسکے۔ انہوں نے حکومت اور تعلیمی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی موسمیاتی آگاہی بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کریں تاکہ ایک مستحکم اور پائیدار مستقبل کی طرف قدم بڑھایا جاسکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552887

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں