پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی پاکستان، آسٹریلیا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الاضحی کے موقع پر مبارکباد

288

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے پاکستان، آسٹریلیا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الاضحی کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلیا دنیا کے کامیاب اور متحرک کثیر الثقافتی معاشروں میں سے ایک ہے، اسلام آسٹریلیا میں دوسرا سب سے زیادہ بڑا مذہب بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوے ہزار سے زیادہ پاکستانی آسٹریلوی باشندے آسٹریلیا کی متحرک مسلم کمیونٹی کا سب سے بڑا حصہ ہیں، آسٹریلیا کو ایک خوشحال، جامع اور ہم آہنگ معاشرہ بنانے میں ان کا تعاون اٹوٹ ہے۔

نیل ہاکنز نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان عوام سے عوام کے روابط مزید گہرے اور بڑھ رہے ہیں، یہ روابط ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تقریبا75 سال کی دوستی پر مبنی ہیں جو دولت مشترکہ کے ورثے، امن و سلامتی، مستحکم تجارتی تعلقات، اور تعلیم پر تعاون اور کرکٹ اور کھیل سے ہماری مشترکہ محبت پر مبنی ہے۔ انہوں نے اپنے اہل خانہ اور آسٹریلوی ہائی کمیشن کی طرف سے پاکستان کے عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی۔