30.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 21, 2025
ہومعلاقائی خبریںپاکستان میں آنکھوں کی خطرناک بیماری ٹریچوما کے خاتمہ پرعالمی ادارہ صحت...

پاکستان میں آنکھوں کی خطرناک بیماری ٹریچوما کے خاتمہ پرعالمی ادارہ صحت سے ملنے والا اعزاز صحت عامہ کی تاریخی کامیابی ہے،ڈاکٹر علی وقاص

- Advertisement -

سیالکوٹ۔ 20 مئی (اے پی پی):ڈاکٹر علی وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان میں آنکھوں کی خطرناک بیماری ٹریچوما کے خاتمہ پرعالمی ادارہ صحت سے ملنے والا اعزاز صحت عامہ کی تاریخی کامیابی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال، کوبے چک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹریچوما جیسی متعدی بیماری، جو ماضی میں ملک کے کئی پسماندہ علاقوں میں بینائی کےضیاع کا باعث بنتی رہی، اب تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نیک نیتی، منصوبہ بندی اور تسلسل کے ساتھ قومی سطح پر اقدامات کیے جائیں تو ہم صحت کے میدان میں عالمی معیار حاصل کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر علی وقاص نے حکومتِ پاکستان، عالمی ادارہ صحت، صحت کے فیلڈ ورکرز اور کمیونٹی ہیلتھ ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا ،جنہوں نے گاؤں گاؤں جا کر آگاہی، تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ایک سند نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے کہ ہم دیگر بیماریوں، جیسے پولیو، ہیپاٹائٹس اور ڈینگی کے خلاف بھی ایسی ہی موثر حکمت عملی اپنائیں۔تقریب میں ہسپتال کے طبی عملے، نرسنگ سٹاف، طلبہ اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

- Advertisement -

شرکا کو ٹریچوما کی وجوہات، علامات، احتیاطی تدابیر اور حکومت کے انسدادی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ ساتھ ہی ایک معلوماتی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں بیماری کے خلاف جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔آخر میں ہسپتال کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ بھی صحت عامہ سے متعلق عالمی کامیابیوں کو مقامی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے تاکہ عوام میں شعور بیدار ہو اور کمیونٹی شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599173

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں