پاکستان میں اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسیف کی نائب نمائندہ ڈاکٹر انوسا کبور کی این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ملاقات

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):پاکستان میں اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسیف کی نائب نمائندہ ڈاکٹر انوسا کبور نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ملاقات کی۔ یونیسیف کے وفد نے پاکستان میں ہنگامی ردعمل اور آفات سے نمٹنے کے دوران باہمی تعاون اور مشغولیت کے کلیدی شعبوں کے پہلوؤں پر بات چیت کی۔

یونیسیف کی نائب نمائندہ ڈاکٹر انوسا کبور نے چیئرمین کو سیلاب زدہ علاقوں میں صحت، تعلیم، خوراک، مواصلات اور بچوں کی نفسیاتی ضروریات کے شعبے میں جاری امدادی کاموں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دیگر شعبوں جیسے کہ انفارمیشن مینجمنٹ، ڈیجیٹل جغرافیائی نقشہ سازی، تیز رفتار ضرورت کی تشخیص، ماحولیاتی تبدیلی کے تناظر میں کمیونٹی ایجوکیشن اور سیکھنے کی رفتار اور پاکستان میں کمزور کمیونٹیز پر اس کے اثرات جاننے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے حالیہ سیلاب کے دوران یونیسیف کی امدادی کوششوں کی تعریف کی اور ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ، مربوط ردعمل کے ڈھانچے کے ساتھ تیاری کے منصوبوں کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے این ڈی ایم اے کی سالانہ ‘ڈیزاسٹر/ رسک کیلنڈر’ کی تیاری اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے منصوبوں پر بہتر عملدرآمد کے لئے موسمیاتی آفات کے حوالے سے انتہائی خطرے والے علاقوں کی نقشہ سازی کے متعلق ترجیح کے بارے میں بھی بتایا۔ اس موقع پر بنیادی طور پر متفقہ ترجیحی شعبوں کے حوالے سے طریقہ کار طے کرنے کے لئے تکنیکی ٹیموں کی سطح پر مصروفیت کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔