پاکستان میں انتہائی خوبصورت اور غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات ہیں، بیلجیئم میں ایڈونچر ٹورازم تقریب سے سفیر کا خطاب

74

برسلز۔17جون (اے پی پی):بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ نے کے ٹو، نانگا پربت اور براڈ پیک کی کامیاب مہمات کی مناسبت سے پاکستانی ایڈونچر ٹورازم کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے سفارت خانے میں شرکاء کا خیر مقدم کیا۔

شرکاء میں بیلجیئم کے نامور کوہ پیما سٹیف میگینیل، سوفی لینارٹس، نیلز جیسپرس، لوک بیرینیکس اور والٹرز نوٹرمین شامل تھے، جنہوں نے حال ہی میں کے ٹو، نانگا پربت، گاشربرم I اور II اور براڈ پیک کو سر کیا تھا۔ تقریب میں پاکستان میں آئندہ ماہ ٹریکنگ مہم کا آغاز کرنے والے ٹریکنگ گروپ کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے دنیا میں سیاحت کے سب سے زیادہ مسابقتی مقام کے طور پر پاکستان کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں انتہائی خوبصورت اور غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاحتی صنعت نے سیاحتی انفراسٹرکچر اور سہولیات میں نمایاں ترقی کی ہے۔ گزشتہ ماہ ورلڈ اکنامک فورم کی جاری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ٹریول اینڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ انڈیکس 2021 میں چھ پوائنٹس اوپر چلا گیا ہے۔ یہ انڈیکس سیاحتی پالیسیوں کی مستحکم اور پائیدار ترقی کی بنیاد پر ممالک کی درجہ بندی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیلجیئم کے کوہ پیماؤں کی یہ مہم مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں خصوصاً کوہ پیماؤں، ٹریکرز اور ایڈونچر سیاحوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔ تقریب کے دوران کوہ پیماؤں نے کے ٹو، نانگا پربت، براڈ پیک، گاشربرم I اور II، بیافو گلیشیئر اور قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع برفیلی جھیلوں پر اپنے ذاتی کوہ پیمائی تجربات کے ساتھ ساتھ علاقے کی مہمان نواز مقامی آبادی کے ساتھ اپنی بات چیت کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے پاکستان میں اپنی کوہ پیمائی مہمات کی ویڈیو فلم بھی شیئر کیں۔ اس موقع پر نیلز جیسپرس نے کہا کہ کے ٹو دنیا کی سب سے پرکشش چوٹی ہے جسے سر کرنا ان کے لئے انتہائی خوشی کا باعث بننے والا ایک بہت بڑا خواب تھا۔

سوفی لینارٹ نے کہا کہ ان کے دورہ پاکستان کا سب سے بڑا صلہ یہ تھا کہ اس دورے کے ذریعے ان کا پاکستان کے مہمان نواز مقامی لوگوں سے رابطہ قائم ہوا جبکہ جینز نے کہا کہ پاکستان حیرت انگیز مہمان نوازی اور پرکشش مقامات کے ساتھ ایک پوشیدہ جوہر ہے۔ تقریب کا اہتمام پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا۔