پاکستان میں او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس کے کامیاب انعقاد سے افغان عوام کے لئے انسانی امداد کے راستے کھل گئے ہیں، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف

80

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے غیر معمولی اجلاس کے کامیاب انعقاد سے افغان عوام کے لئے انسانی امداد کے راستے کھل گئے ہیں، افغانستان مشکل صورتحال سے نکل آئے تو یہ پاکستان کے لئے بھی بہتر ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان پر او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس منعقد کرنے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، اگلے چند دنوں میں افغان علاقے میں بینکاری نظام کام کرنا شروع کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے بہت بڑی رقم درکار ہے، سعودی عرب نے افغانستان کے لئے بڑی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان مشکل صورتحال سے نکل آئے تو اس کا فائدہ پاکستان کو بھی ہوگا۔ افغانستان کے لئے فنڈنگ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغان عوام ٹرسٹ فنڈ کے ذریعے امداد حاصل کریں گے۔