پاکستان میں زراعت اور ہیلتھ سائنسز کی مالیکیولر بائیولوجی میں پیشرفت پر چوتھے بین الاقوامی سمپوزیم کا افتتاح

88

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اور تحقیق سید فخر امام اور پنجاب کے صوبائی وزیر سید حسنین جہانیہ گردیزی نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کے ہمراہ پاکستان کے سب سے بڑے 2 روزہ بین الاقوامی سمپوزیم ایڈوانسز ان مالیکیولر بائیولوجی آف ایگریکلچر اینڈ ہیلتھ سائنسز کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر ملکی اور بین الاقوامی نامور سائنسدان موجود تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سید فخر امام نے کہا کہ سی ای ایم بی جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے فصلوں کو بہتر بنانے کے لیے درست سمت میں گامزن ہے، کیونکہ زراعت کا ملک کے جی ڈی پی پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔

صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسنین جہانیہ گردیزی نے ایگریکلچر اینڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبے میں بہتری کے لیے سی ای ایم بی کے سائنسدانوں کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے حکومت کی مکمل حمایت کو یقینی بنایا۔ وائس چانسلر، پنجاب یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے میگا ایونٹ کے انعقاد پر سی ای ایم بی کے سائنسدانوں اور عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے عام آدمی کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لئے محققین کی محنت کی ضرورت پر زور دیا۔ڈائریکٹر سی ای ایم بی پروفیسر ڈاکٹر احمد علی شاہد نے پاکستان بھر سے آئے ہوئے معزز مہمانوں، فیکلٹی ممبران اور 300 سے زائد سائنسدانوں کو خوش آمدید کہا۔

اپنے ابتدائی کلمات میں انہوں نے 36 سال کے سفر کے دوران سی ایم بی کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سامعین کو سی ای ایم بی کی تیار کردہ CKC2، CEMB 33 اور CA 12 کپاس کی اقسام کے امید افزا فیلڈ نتائج اور مختلف قومی اور بین الاقوامی سیڈ کمپنیوں کے ساتھ ان اقسام کی کمرشلائزیشن کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے جی ایم او ٹیسٹنگ کے لئے تصدیق شدہ لیبارٹریز اور سی ای ایم بی کی تیار کردہ مصنوعات جیسے کہ آنکھوں کے لئے اسٹیم سیلز پر مبنی علاج اور بہت سی انسانی بیماریوں کے لئے تشخیصی کٹس کے بارے میں بات کی۔