پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، ملکی برآمدات میں ماہانہ ایک ارب ڈالر اضافہ ہوا، ڈاکٹر گوہر اعجاز

124
پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، ملکی برآمدات میں ماہانہ ایک ارب ڈالر اضافہ ہوا، ڈاکٹر گوہر اعجاز

لاہور۔19جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے یہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں،رواں سہ ماہی میں ملکی برآمدات میں ماہانہ ایک ارب ڈالر اضافہ ہوا،برآمدی صنعتوں کو بجلی کے نرخ نو سینٹ کرنے جا رہے ہیں جس سے برآمدات دو گنا بڑھ جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ایکسپو سنٹر جوہر ٹائون میں تیسرے سالانہ انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر شو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد زبیر موتی والا سمیت غیرملکی سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان میں بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے،ہماری سمت درست ہے یہ سفر چلتا رہے گا،امید ہے کہ ہمارے بعد آنیو الے اسی سفر کو جاری رکھیں گے۔نگران وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ ایکسپورٹ کیلئے آسانیاں لا رہے ہیں،ہمارا فوکس صرف برآمدات میں اضافہ کرنا ہے،ہمیں ہر صورت اگلے دس سال میں10 گنا ایکسپورٹ کا ہدف حاصل کرنا ہو گا۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کا سب سے سنجیدہ مسئلہ صرف معیشت کا استحکام ہے،ہمیں خود انحصاری کی طرف جانا ہی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاور سیکٹر سمیت دیگر تمام سیکٹرز کو مضبوط بنا رہی ہے ،ہمیں ہر حال میں اسلامی معاشی قوت بھی بننا ہے،جولائی میں 2 ارب ڈالر ایکسپورٹ تھیں،اگرچہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تابع بھی ہیں لیکن اس کے باوجود ہم نے 5 ماہ میں ایکسپورٹ سو فی صد بڑھائی ہے۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ ہم تمام صنعتوں کے لئے 9 سینٹ فی یونٹ بجلی کا ٹیرف لارہے ہیں، ہمیں زراعت،ٹیکسٹائل و دیگر شعبوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کیلئے فضا سازگار ہے، انجینیرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر شو کا مقصد بیرون ممالک اور مقامی تاجروں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تا کہ وہ یہاں آ کر خود پاکستانی مصنوعات کی کوالٹی چیک کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے شوز کے انعقاد سے پاکستان کا بہتر سافٹ امیج دنیا کے سامنے آئے گا اور ہمارے ملک کی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے دیکھ لیں کہ ہمارے ملک میں پرامن اقتصادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے بڑا پوٹینشل ہے اور یہاں کے لوگ بہت محنتی اور جفاکش ہیں،یہ ایکسپو ایک سورسنگ پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جس میں بنیادی اشیا سے لے کر انتہائی تخلیقی اور معیاری مصنوعات کی وسیع رینج شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی مارکیٹوں میں بہت زیادہ طلب ہے،امید ہے کہ اس ایکسپو سے غیر ملکی خریداروں سے بڑے آرڈر مل سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان برآمدی مصنوعات بنانے والوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، وہ بزنس ٹائیکونز کے ساتھ میٹنگز بھی کریں گے تا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کی طرف سے دیئے گئے خصوصی پیکیج کا فائدہ اٹھایا جا سکے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر صنعت و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے نمائش میں مختلف سٹالز کا دورہ کیا جہاں سٹالز نمائندگان نے وفاقی وزیر کو مصنوعات بارے آگاہی دی۔اس موقع پرٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد زبیر موتی والا نے نگران وفاقی وزیر کو بتایا کہ مختلف شعبہ جات میں300 سے زائد پاکستانی کمپنیوں نے اس نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کیں جس میں فرنیچر،کھیلوں کا سامان، فارماسیوٹیکل، سرجیکل آلات،انجینئرنگ آلات،آٹو سیکٹر شامل ہیں۔