پاکستان میں فی کس اوسط قابل کاشت رقبہ کاتناسب چین کے مقابلہ میں زیادہ ہے ،ورلڈ بینک کی رپورٹ

154

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان کا قابل کاشت رقبہ ملک کے مجموعی رقبہ کے 40.12فیصد کے مساوی ہے ۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کےمطابق پاکستان میں قابل کاشت رقبہ کا تخمینہ 30.5 ملین ہیکٹر ہے جبکہ ملک کی مجموعی آبادی 241.49ملین افراد پر مشتمل ہے ۔

اس طرح پاکستان میں فی کس اوسط قابل کاشت رقبہ 0.126ہیکٹر ہے ، جو چین میں فی کس اوسط قابل کاشت رقبہ 0.123 ہیکٹر ہے ۔ پاکستان میں فی کس اوسط قابل کاشت رقبہ کاتناسب چین کے مقابلہ میں زیادہ ہے ، تاہم زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے فقدان ، زیادہ پیداوار اور بیماریوں کے خلاف کم مزاحمت کے حامل بیجوں کے استعمال کی وجہ سے پاکستان کی زرعی پیداوار چین کے مقابلہ میں کم ہے ۔ پاکستان میں جدت پرمبنی زرعی ٹیکنالوجیز کے استعمال سے شعبہ کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ یقینی بنایا جا سکتاہے ،جس سے نا صرف خوراک کی مقامی ضروریات کی تکمیل ہوگی بلکہ برآمدات کے فروغ سے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے ۔