41 C
Islamabad
اتوار, مئی 18, 2025
ہومزرعی خبریںپاکستان میں لائیوسٹاک کی ترقی کے روشن امکانا ت موجود ہیں،سید عاشق...

پاکستان میں لائیوسٹاک کی ترقی کے روشن امکانا ت موجود ہیں،سید عاشق حسین کرمانی

- Advertisement -

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):وزیر لائیوسٹاک و زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں لائیو سٹاک کی ترقی کے روشن امکانا ت موجود ہیں اور یہ شعبہ ملک کو اقتصادی لحاظ سے مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔ صوبہ پنجاب میں وزیر اعلی کے وژن کے مطابق لائیو سٹاک اور زراعت کی ترقی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اربوں روپے کی لاگت سے مختلف منصوبے شروع کیے گئے ہیں جس سے ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ اور معیشت کو حقیقی معنوں میں استحکام ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایکسپو سینٹر کراچی میں محکمہ لائیو سٹاک و فشریز سندھ کے تحت تین روزہ گرینڈ نمائش کے دوسرے روز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ فشریز سندھ محمد علی ملکانی اور ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پروجیکٹس شاہد نذیر بھی موجود تھے۔ انہوں نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے پڑھے لکھے نوجوانوں، دیہی خواتین، بریڈ رز اورکسانوں کو لائیو سٹاک کی اہمیت اور اس کے روشن مستقبل سے متعلق مختلف آگاہی اور تربیتی پروگراموں پر تسلسل کے ساتھ کام کررہی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے وژن کے تحت پنجاب کے لائیواسٹاک پروگرام کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں سے 11 ارب روپے لائیو سٹاک کارڈ کے لیے رکھے گئے ہیں جس سے پنجاب بھر کے 90 ہزار مویشی پال حضرات فائدہ اٹھائیں گے۔ لائیو سٹاک پروگرام کے تحت جانوروں کی بہتر نشو و نما اور گوشت و دیگر مصنوعات کی ملک میں دستیابی کے ساتھ اس کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ جانوروں کو پالنے اور ان کی دیکھ بھال کے لیے 2 لاکھ 70 ہزار روپے تک کے بلا سود قرضے بھی دئیے جائیں گے۔

وزیر لائیو سٹاک پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور ہمارے جانور اپنی خوبصورتی اور صحت مند اجزا کی بدولت دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتے ہیں مگر ماضی کی سابقہ حکومتوں نے اس شعبہ کو یکسر نظر انداز کرکے ملک کو غربت کی دلدل میں دھکیل دیا مگر موجودہ حکومت نے ملک کی زرعی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کرنے اور لائیو سٹاک کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کو یقینی بنانے کا عزم کیا ہے جس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی میں کمی اور لوگوں کی بہترروزگار کا حصول ممکن ہوگیا ہے۔

انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے لائیو سٹاک کی نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی کوششوں سے لائیو سٹاک کا شعبہ بہتر ہوگا اور بین الاقوامی و ملکی ماہرین کے وفود کے تبادلوں سے لائیو سٹاک سمیت دیگر اداروں کی بہتری میں واضع تبدیلی نظر آئے گی۔

بعد ازاں وزیر لائیو سٹاک پنجاب نے نمائش کے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا اور ماہرین کی طرف سے لائیوسٹاک شعبہ کی بہتری کے لیے دی جانے والی بریفنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے لائیو سٹاک شعبہ کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=548160

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں