پشاور۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں تعینات روسی سفیر ڈینیلا گینچ نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کیخلاف پاکستان اور روس ایک صفحہ پر ہیں، پاکستان ایک عظیم ملک ہے، دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روزپاکستان اور رشین فیڈریشن کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر پشاور میں رشیئن فیڈریشن میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں آمد پر روسی سفیر ڈینیلا گینچ کا پرتپاک استقبال کیاگیا اور انہیں گلدستہ بھی پیش کیا گیا جبکہ روسی سفیر نے تقریب کے دوران پاکستان زندہ باد کا بھی نعرہ لگایا۔
اس موقع پر پاکستان میں تعینات روسی سفیر ڈینیلا گینچ نے کہا کہ پاکستان ایک مہمان نواز ملک ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط سفارتی تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوں گے، پاکستان نے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھائی ہے روس نے اس کی حمایت کی ہے، اسلامو فوبیا کے خلاف پاکستان اور روس ایک صفحہ پر ہیں،پاکستان کے ساتھ روس کے ، دیرینہ تعلقات ہے ۔روس کے سفیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ روس دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے، ہم پاکستان کے ساتھ، تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں ،روس غزہ میں ہونے والی لڑائی کو ختم کرانے کی کوششوں میں لگا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو حملے بند کرنے چاہیے اور غزہ میں انسانی امداد پہنچنے چاہیے۔