اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):گوردوارہ پنجہ صاحب میں بیساکھی تقریبات میں شرکت کرنے والے بھارت سے آئے سکھ یاتریوں نے بہترین انتظامات پر حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مقدس مذہبی تقریبات کو عقیدت کے ساتھ منا سکتے ہیں۔ بیساکھی تقریبات میں شریک بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں نے پاکستان کی حکومت کے پرتپاک استقبال اور زائرین کے لیے ایک مرتبہ پھر بہترین سہولیات کی فراہمی پر اظہار تشکر کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بیساکھی کی تقریبات کے لیے غیر معمولی انتظامات سے ہمارے دل جیت لیے ہیں ، بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں نے اپنے دورے کو آسان بنانے میں حکومت کی کوششوں کی بھی تعریف کی ہے۔ رواں سال بھارت سے 5,890 سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد ہوئی ہے اور ان کو گروپوں میں تقسیم کیا گیا جو اپنے مقدس مقامات کی طرف روانہ ہوگئے۔ پہلا گروپ 60 بسوں میں واہگہ بارڈر کے راستے گوردوارہ پنجہ صاحب پہنچا ہے جب کہ دوسرا گروپ گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور پہنچ چکا ہے۔
سکھ یاتریوں نے کہا ہے کہ شاندار استقبال اور اپنے بھرپور ثقافتی ورثے کی نمائش پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ واضح رہے کہ سکھ یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب اور دیگر مقدس مقامات پر آزادانہ طور پر اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں اور پاکستانی حکومت کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔انتظامات میں بہترین سیکورٹی، آرام دہ رہائش، طبی دیکھ بھال اور لنگر (مفت کھانا) شامل ہیں۔
انہوں نے گرمجوشی اور فراخدلی سے استقبال کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سکھ برادری اور پاکستان کے درمیان احترام اور خیر سگالی کے مضبوط رشتوں کی عکاسی ہوتی ہے جو مذہبی سیاحت کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ملک کے عزم کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580965