پاکستان نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں بہت بڑی قیمت چکائی ہے،حکومت کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی،نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

62
حافظ طاہر محمود اشرفی کا سیلاب زدگان کی امداد پر سعودی سفیر سے اظہار تشکر

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں بہت بڑی قیمت چکائی ہے، کچھ شرپسند اور انتہاپسند عناصر ملک کو دوبارہ اسی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں لیکن حکومت کسی کو بھی ملک کی امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسطرح کی جماعتوں پر پابندی لگ چکی ہے، گزشتہ دو تین دنوں کے دوران جو کچھ ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مظاہرین کے پر امن احتجاج پر کسی کو اعتراض نہیں لیکن پولیس اہلکاروں کو مارنا انہیں یرغمال بنانا اور پرتشدد انداز میں راستے بند کرنا یہ کونسا احتجاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں عقیدہ ختم نبوت ﷺ پر شب خون مارا گیا لیکن وزیراعظم عمران خان نے جس انداز سے بین الاقوامی سطح پر اسلاموفوبیا اور عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے معاملے کو اٹھایا ہے پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان مدینہ کی طرح حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنے تو ہمیں سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ راستے بند کرنا اور کسی کو تشدد کا نشانہ بنانا درست نہیں، ہمارے آقاﷺ کی تعلیمات راستے بند کرنے کی نہیں بلکہ کھولنے کی ہیں، ہمیں ان پر عمل کرنا چاہیے۔