اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):ملک نے رواں مالی سال 2022-23 کی پہلی ششماہی کے دوران مختلف ممالک میں سفری خدمات فراہم کر کے 255.170 ملین ڈالر کمائے ہیں۔پاکستان ادارہ برائے شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال 2021-22 کی اسی مدت کے دوران فراہم کی جانے والی 282.101 ملین ڈالر مالیت کی خدمات کے مقابلے میں یہ 9.52 فیصد کی منفی نمو کو ظاہر کرتا ہے۔
زیر جائزہ مدت کے دوران، ذاتی سفری خدمات میں 9.85 فیصد کمی واقع ہوئی، جو کہ گزشتہ سال 280.920 ملین امریکی ڈالر سے جولائی تا دسمبر 2022 کے دوران 253.260 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔ذاتی خدمات میں صحت سے متعلق اخراجات کی برآمدات میں 50.62 فیصد جبکہ تعلیم سے متعلق اخراجات میں بھی 17.78 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔اس کے علاوہ دیگر ذاتی خدمات میں 9.42 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔
دریں اثنا، کاروباری خدمات کی برآمدات میں 75.23 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ 1.090 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 1.910 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔ ملک سے خدمات کی برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں رواں مالی سال (2022-23) کے پہلے چھ ماہ کے دوران 2.77 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
جولائی تا دسمبر (23-2022) کے دوران خدمات کی برآمدات 3526.97 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو کہ جولائی تا دسمبر (2021-22) میں 3431.77 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 2.77 فیصد اضافہ دکھاتی ہیں۔