پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اس پار نام نہاد "لانچ پیڈز” اور "ٹریننگ” کیمپوں کی موجودگی سے متعلق بھارتی آرمی چیف کے جھوٹے تبصروں کو یکسر مسترد کر دیا

62
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اس پار نام نہاد "لانچ پیڈز” اور "ٹریننگ” کیمپوں کی موجودگی سے متعلق بھارتی آرمی چیف کے جھوٹے تبصروں کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ بھارتی جنرل کے بے بنیاد الزامات میں کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ یہ پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا ایک حصہ ہیں جو بھارت میں بی جے پی اور آر ایس ایس گٹھ جوڑ کے ذریعہ چلایا جارہا ہے۔بھارتی حکومت اپنے جنگجو اور توسیع پسندانہ ایجنڈے "اکھنڈ بھارت” کے گمراہ کن تصور پر عمل پیرا ہے، جو علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف نے ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانے کی ایک ناکام کوشش کی ہے، جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بلا روک ٹوک جاری ہیں۔پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں اپنے ظلم و ستم کو روکے، کشمیریوں پر ظلم و ستم کو ترک کرے، اور انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اور ان سے کیے گئے وعدے کے مطابق حق خود ارادیت کو استعمال کرنے کا حق دے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کے پرامن حل کے لیے بھارت کے ساتھ بامعنی مذاکرات کے لیے پرعزم ہے۔ تاہم، یہ ذمہ داری بھارت پر ہے کہ وہ بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔