اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):پاکستان ورکرزفیڈریشن اور پی ایف یوجے کے زیر اہتمام یوم مئی کے حوالے سے نیشنل پریس کلب میں جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل ساجد حسین طوری،پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،پی ایف یو جے کے صدر محمد افضل بٹ،جنرل سیکرٹری ارشد انصاری،سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان،نیشنل پریس کلب کے صدر انوررضا،سیکرٹری خلیل احمد راجہ،نائب صدر مائرہ عمران،فنانس سیکرٹری نیئر علی،آر آئی یوجے کے صدرعابد عباسی،جنرل سیکرٹری طارق ورک،مبارک زیب خان،عوامی ورکرزپارٹی موومنٹ کے محمد اقبال،ڈائریکٹر لیبرمنسٹری آف اوورسیز رائے اکبر،فنانس سیکرٹری پی ڈبلیو ایف سید عطااللہ شاہ،ناردرن پنجاب کے وائس چیئرمین منیر حسین بٹ،زیڈ ٹی بی ایل یونین کے ملک شمیض اعوان،اوجی ڈی سی ایل یونین کے سید اعجازبخاری،سپورٹس بورڈ یونین کے نسیم شاہ،گنج گلاس یونین کے محمد سعید،ایس آربی سی ورکرزیونین کے صفدرنفیس،سٹیٹ بینک یونین کے چوہدری شفقت اللہ وڑائچ،پی ڈبلیوڈی یونین کے ملک ابرار،ایجوکیشن یونین کے ملک داؤد،سی ڈی اے مزدور یونین کے سپریم ہیڈ صوفی محمودعلی،حاجی مشتاق احمد شاہد،وارث دلیپ،اسدمحمود،احمد علی شیرازی،سید مقبول حسین شاہ،شفیع اللہ خان سمیت پاکستان ورکرزفیڈریشن سے ملحقہ ٹریڈ یونینز کے عہدیداران،مزدور رہنماؤں،صحافی برادری سمیت محنت کشوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اوورسیزپاکستانیز و انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے کہا کہ یوم مئی تجدید عہد کا دن ہے جس پر ہم محنت کشوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،شہیدذوالفقارعلی بھٹو کے مشن اور چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت کے مطابق ای اوبی آئی پنشن میں اضافے سمیت پاکستان بھر کے مزدوروں کے لیے مزید مراعاتی پیکج کا جلد اعلان کریں گے،ہم نے اپنے ایک سالہ حکومت کے دورمیں مزدورکے لیے شادی گرانٹ اور انکے بچوں کے تعلیمی وظائف،اسکالرشپ میں اضافہ کیا اور ہم وفاقی سطح پر اس شہر کے مزدوروں کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے بہت جلد یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائیں گے،شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے اس ملک کے مزدور طبقے کو جو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے
اسکو ہمیشہ اہمیت دی اور انکی بنیادی ضرورت روٹی،کپڑا اور مکان کو اپنی سیاست کا محوربنایا اور ہم فخر محسوس کرتے ہیں کہ قائد عوام نے مزدوروں کے لیے ای اوبی آئی،ورکرزویلفیئرفنڈجیسے ادارے اور این آئی آرسی جیسی لیبرکورٹ کا قیام عمل میں لایا اور آج ہم بھی انکے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کے محنت کشوں کے بہتر مستقبل کے لیے شادی گرانٹ چھ لاکھ سے بڑھا کر آٹھ لاکھ،انکے بچوں کا تعلیمی وظیفہ پندرہ سو سے بڑھا کر چھ ہزارروپے اور یونیفارم گرانٹ 4500سے بڑھا کر 6000کر دی اور ایک سال کے دوران ہم نے سولہ ملکوں کے ساتھ ایم او یو سائن کیے ہیں اورتقریباً آٹھ لاکھ اڑتالیس ہزاردوسواکیاسی افراد بیرون ملک بھیجواچکے ہیں،انھوں نے اعلان کیا کہ میں اپنی صحافی برادری جو اس ملک میں ایک ستون کی حیثیت رکھتی ہے
ان کو ای اوبی آئی میں رجسٹرڈکروانے کے لیے سمری تیار کر چکے ہیں جو کہ جلد نافذالعمل ہو گی جس کے تحت رجسٹرڈممبران کو 89ہسپتالوں میں علاج معالجے و دیگر سہولیات میسرہونگی،وفاقی وزیر نے اسلام آباد کی صحافی برادری اور پاکستان ورکرزفیڈریشن کے عہدیداران اور کارکنوں کو یہ یقین دلایا کہ بطور پاکستان پیپلز پارٹی کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے میں آپکو یقین دلاتا ہوں کہ آپکے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے میں اپناکرداراداکرتارہوں گا،ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،پی ایف یو جے کے صدر محمد افضل بٹ،انوررضا و دیگر عہدیداران نے کہا کہ یکم مئی عالمی سطح پر مزدور ڈے کے طورپر منایا جاتا ہے، یہ دن بنیادی طورپر شگاگو کے مزدوروں کی یاد میں منایا جاتا ہے جنھوں نے1886میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دنیا بھر کے مزدوروں کے لیے اوقات کار کا تعین کیا
اسی لیے یوم مئی تجدیدعہد کا دن ہے اور شگاگو کے مزدورو ں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں مزدوروں کی زیادہ تعداد اس دن کی اہمیت سے آگاہ نہیں ہے اور مزدور ڈے کے موقع پر بھی اپنے روزگار کی تلاش میں رہتے ہیں،پاکستان میں مزدوروں کی کل تعداد 06 کروڑ سے زائد ہے جس میں رسمی اور غیر رسمی دونوں شعبوں کے مزدورشامل ہیں۔ لیکن بد قسمتی سے صرف 90لاکھ ایسے مزدور ہیں جن پر لیبر قوانین کا اطلاق ہوتا ہے، باقی ماندہ مزدوروں کے لیے کوئی قانونی تحفظ نہیں ہے اور نہ ہی ان کو سماجی تحفظ کی سہولیات و مراعات میسر ہیں۔ جن میں زراعت، گھریلوملازمین، تعمیراتی مزدور، ہوم بیسڈ اور دیہاڑی دار مزدور شامل ہیں،
پاکستان نے بطور ممبر ملک عالمی ادارہ محنت (ILO)کے بنیادی 08 کنونشنز سمیت 36 سے زائد کنونشنز کی توثیق کی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود اس ملک میں 15لاکھ مزدوروں کو یونین سازی کی آزادی حاصل ہے اور باقی مزدور اس آزادی سے محروم ہیں، جب کہ یونین سازی کی آزادی کی ضمانت آئین پاکستان بھی دیتا ہے،پاکستان ورکرز فیڈریشن (PWF)مزدوروں کی ملک میں سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے اور بین الاقوامی سطح پر انٹرنیشنل ٹریڈ یونین آف کنفیڈریشن کے ساتھ منسلک ہے، جس کا مقصد مزدورو کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے اور مزدوروں کے مسائل پر قومی اور بین الاقوامی سطح جدوجہد کر رہی ہے ۔ ۔ اس دن پر ہم وزیر اعظم، وزارت انسانی و سائل و سمندر پار پاکستانی، اور متعلقہ اداروں و حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مہنگائی کے تناسب سے مزدور کی کم از کم اجرت کو سہہ فریقی مشاورت کے ذریعے مقرر کیا جائے اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے،موجودہ لیبر قوانین کو بہتر اور آسان بنانے کے لیے ان میں ترامیم کی جائیں اور نئے لیبر قوانین کے لیے ترجیح بنیادوں پر قانون سازی کی جائے، غیر رسمی شعبے کے مزدوروں کو قانونی تحفظ دیا جائے اور مزدوروں کو سماجی تحفظ کے اداروں ای او بی آئی، سوشل سیکورٹی اور ورکر ویلفیئر فنڈ کے اداروں میں رجسٹریشن کو یقینی بنا یا جائے اور ملک سطح پر مزدوروں کے اعداد وشمار کو اکھٹا کیا جائے تا کہ وہ حکومت کی طرف سے دیے گئے ریلیف سے مستفید ہو سکیں،
موجودہ صورت حال میں سہہ فریقی لیبر کانفرنس وقت کی اہم ضرورت ہے اور فوری طور پر سہہ فریقی لیبر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے،چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ آج چونکہ یوم مئی تجدید عہد کا دن ہے اس موقع پر بطور جنر ل سیکرٹری پاکستان ورکرز فیڈریشن میں پاکستان کے تمام مزدور رہنماؤں اور تنظیموں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں ہم سب مل کر مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقو ق کے لیے جدوجہد کریں پاکستان ورکرز فیڈریشن مزدوروں کے حقوق اور تحفظ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرئے گی اور حکومت سمیت تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے،وفاقی وزیر ساجد حسین طوری،پی ایف یوجے کے صدرمحمد افضل بٹ،انور رضا و دیگر مزدور رہنماؤں نے پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین اور انکی ٹیم کو لیبر ڈے کے حوالے سے تاریخی پروگرام منعقدکروانے پر خراج تحسین پیش کیا۔