پاکستان پوسٹ کی بڑے شہروں کے لیے شروع کی جانے والی ایکسپریس سروس فیصل آباد کو بھی فراہم کی جائے،ایف سی سی آئی

120
Faisalabad Chamber of Commerce
Faisalabad Chamber of Commerce

فیصل آباد۔13جون (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ کی بڑے شہروں کے لیے شروع کی جانے والی ایکسپریس سروس فیصل آباد کو بھی فراہم کی جائے۔یہ بات انہوں نے اے پی پی سے خصوصی بات چیت کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کی طرف سے9 بڑے شہروں کیلئے ایکسپریس سروس شروع کرنے کے فیصلہ لائق تحسین ہے تاہم اس میں فیصل آباد شامل نہیں،اسے بھی شامل کیا جائے تاکہ یہاں کے لوگوں کو یہ سہولت میسر ہوسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کا ملکی برآمدات میں 45فیصد اور جی ڈی پی میں 20فیصد حصہ ہے اس کے علاوہ یہ آبادی کے اعتبار سے ملک کا تیسرا بڑا شہر ہے ، محکمہ ڈاک کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق یہاں سے بڑی تعداد میں ڈاک آتی اور جاتی ہے،بہت سی نجی کوریئر کمپنیاں بھی کامیابی سے یہاں سے کام کررہی ہیں مگر اس کے باوجود اس شہر کو مطلوبہ اہمیت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ دوسری نجی کوریئر کمپنیاں صرف ایسے لوگوں کی خدمات حاصل کرتی ہیں جن کے پاس اپنے موٹر سائیکل ہوں جبکہ نئی سکیم کے لیے ایک ہزار موٹر سائیکل بھی خریدے جار ہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ڈاک کو اس سکیم کا بزنس پلان فیصل آباد سمیت دیگر سرکردہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سے شیئر کرنا چاہیے تاکہ اس میں بہتری لانے کے لیے قابل عمل سفارشات پیش کی جاسکیں۔