پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی خالص آمدنی میں جاری مالی سال کے دوران 37.3 فیصد اضافہ

109

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ ( پی پی ایل) کی خالص آمدنی میں جاری مالی سال کے دوران 37.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں جولائی تا مارچ 22-2021 کے دوران پی پی ایل کی بعد از ٹیکس آمدنی 52329 ملین روپے تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں جولائی تا مارچ 21-2020 کے دوران کمپنی کو 38118ملین روپے بعد از ٹیکس منافع ہوا تھا ۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے پہلے نو مہینوں کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی خالص آمدنی میں 14211 ملین روپے یعنی 37 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں اس عرصہ کےلئے پی پی ایل کی فی حصص آمدنی بھی 14.01 روپے کے مقابلہ میں 19.23 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کمپنی کا بعد از ٹیکس نفع 73.6 فیصد کے نمایاں اضافہ سے 11881 ملین روپے کے مقابلہ میں 20620ملین روپے جبکہ فی حصص آمدنی 4.37 روپے کے مقابلہ میں 7.58 روپے فی حصص تک بڑھی ہے۔