پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی ضلع باجوڑ میں بم دھماکے کی سخت مذمت، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار

26
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی ضلع باجوڑ میں بم دھماکے کی سخت مذمت، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے ضلع باجوڑ میں بم دھماکے کی سخت مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا کہ باجوڑ میں دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتی ہوں، دہشت گرد حملے میں اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی، تحصیلدار اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر بہت افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں، دہشت گرد نہیں چاہتے کہ ملک کا نام روشن ہو، پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کی ہے، شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہوں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہداء کے بلند درجات کی دعا کرتی ہوں۔

مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہا کہ باجوڑ حملہ ایک اور بزردلانہ کارروائی ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان دہشت گردوں کے آگے کبھی نہیں جھکے گا، باجوڑ کے شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں، شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گرد امن کی آواز دبانا چاہتے ہیں، ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہمارے افسران کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی ندیم افضل چن نے کہا کہ باجوڑ میں دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں، شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، شہداء کی قربانیاں بھولی نہیں جائیں گی، دہشت گرد نہیں چاہتے کہ ملک کا نام روشن ہو، پاکستان کی عوام ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف متحد رہی ہے، شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، شہداء کے اہل خانہ کے لئے صبرِ جمیل اور شہداء کے بلند درجات کی دعا ہے۔