پاکستان کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی بچوں اور مسلح تنازعات پر سالانہ رپورٹ سے پاکستان کے حوالہ جات ہٹانے کے فیصلے کا خیرمقدم

8

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی بچوں اور مسلح تنازعات پر سالانہ رپورٹ سے پاکستان کے حوالے ہٹانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے بچوں اور مسلح تنازعات پر سالانہ رپورٹ سے اپنے حوالہ جات ہٹانے کے اعلان کا خیرمقدم کرتا ہے، یہ اہم نتیجہ اقوام متحدہ کے ساتھ حکومت پاکستان کی تعمیری،

پائیدار اور گہری مصروفیت بشمول سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے برائے بچوں اور مسلح تنازعات کے دفتر کے ساتھ قریبی تعاون کا ثبوت ہے۔بیان کے مطابق یہ فیصلہ بچوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ اور آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی جانب سے نافذ کیے گئے مضبوط ادارہ جاتی، قانون سازی اور پالیسی اقدامات کی بین الاقوامی شناخت کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ تنازعات اور تشدد سے متاثرہ بچوں کی حفاظت کے لیے اپنے قومی قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک کو بین الاقوامی اصولوں اور بہترین طریقوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے

پاکستان کے پختہ عزم کا عکاس ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان آنے والی نسلوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے کوششوں کو بڑھانے اور مضبوط بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔