پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کا دوسرا مرحلہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہفتے کو اختتام پذیر ہو جائے گا

15

راولپنڈی۔27جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کا دوسرا مرحلہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہفتے کے روز اختتام پذیر ہو جائے گا۔ یہ مرحلہ 23 جون سے جاری ہے جس میں 15 باصلاحیت نوجوان کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو این سی اے کے تجربہ کار کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں جدید سکلز ڈویلپمنٹ اور فٹنس سیشنز کرائے جا رہے ہیں۔ جمعہ کے روز کھلاڑیوں نے سناریو بیسڈ میچ میں بھی حصہ لیا تاکہ میچ کی صورتحال میں فیصلے کرنے کی مہارت بہتر بنائی جا سکے۔ ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر خواجہ نافع نے کیمپ کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاور ہٹنگ کے حوالے سے عبدالرزاق سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اسپنرز کے خلاف بیٹنگ میں بھی مہارت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید دور کی کرکٹ میں ایک کھلاڑی کو ٹیم میں کئی کردار ادا کرنا ہوتے ہیں۔ کوچز نے میری بطور وکٹ کیپر صلاحیتوں کی بھی نشاندہی کی ہے جس پر میں بھرپور کام کر رہا ہوں۔ خواجہ نافع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فطری کھیل پر قائم رہتے ہوئے پاکستان کو تمام فارمیٹس میں کامیابی دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈریسنگ روم میں ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ سر ویوین رچرڈز کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا۔ ان سے کرکٹ اور بیٹنگ کے حوالے سے بہت کچھ سیکھا۔ ویوین رچرڈز کی بیٹنگ کی ویڈیوز دیکھنے کے بعد ان سے سوالات کرتا تھا اور وہ ہمیشہ یہی کہتے تھے کہ کامیابی کے لیے خود پر یقین رکھنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کا تیسرا مرحلہ 30 جون سے 5 جولائی تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہو گا۔