پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے، سینیٹر محمد اسحاق ڈار

151

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی جانب سے دیئے گئے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرتا ہے۔ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک ٹویٹ میں سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی اپنی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔ اقوام متحدہ کا چارٹر اوراقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادیں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال 5 فروری کا دن یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے جو گزشتہ 75 سالوں سے تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ملک اور دنیا بھر میں سیمینارز، کانفرنسز، ریلیاں اور اس طرح کی دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے پرامن حل میں مدد کرے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کے لیے اپنی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کے لیے پرعزم ہے، جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں میں درج ہے۔