پاکستان کوڈ کا مقصد وفاقی قوانین کو عام لوگوں، ججوں، پراسیکیوشن، وکلاء، قانون کے طلباء اور محققین کے لیے قابل رسائی بنانا ہے،سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

130

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کوڈ وزارت قانون و انصاف کی طرف سے شروع کی گئی ایک نئی ویب سائٹ ہے جس کا مقصد وفاقی قوانین کو عام لوگوں، ججوں، پراسیکیوشن، وکلاء، قانون کے طلباء اور محققین کے لیے اپنی پسند کے چینل کے ذریعے کہیں بھی، کسی بھی وقت قابل رسائی بنانا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو پنجاب کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے وکلاء کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی۔ سیکرٹری قانون راجہ نعیم اکبر نے وزیر قانون اور تمام شرکاء کو ویب سائیٹ کے حوالے سے پریذنٹیشن دی۔ پاکستان کوڈ کے نام سے نئی ویب سائٹ جس میں تمام جدید قوانین شامل ہیں۔ لیگل ایجوکیشن اور بار ووکیشنل ٹریننگ پروگرام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور وکلاء کے تربیتی کورسز سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے نوجوان وکلاء کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے پر وزیر قانون کی کاوشوں کو سراہااور کہا کہ اس سے قانونی پیشے میں خدمات کے معیار میں یقیناً بہتری آئے گی۔