پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث رونما ہونے والی ناگہانی صورتحال سمیت متعدد چیلنجز درپیش ہیں،بلاول بھٹو زرداری

241
بلاول بھٹو زرداری کی باجوڑ میں جے یو آئی ف کے کنونشن میں بم دھماکے کی مذمت

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث رونما ہونے والی ناگہانی صورتحال سمیت متعدد چیلنجز درپیش ہیں جن پر قابو پانے کے لئے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے ۔

پیر کو ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے موسمیاتی تبدیلی، پاکستان کو درپیش مسائل اور یوکرین جنگ کے تناظر میں پیدا ہونے والے بحران اور اثرات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیاں بڑا چیلنج ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں شامل ہے، رواں سال پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات باعث پیدا ہونے والی بدترین سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیلاب کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کیا اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا مشاہدہ کرنے کے بعد انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی اپیل کی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس صورتحال میں حکومت پاکستان کو اس وقت متعدد چیلنجز درپیش ہیں، ان درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے عالمی برادری پاکستان کے ساتھ تعاون کرے۔

یوکرین جنگ کے بحران پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یوکرین بحران نے معیشتوں پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے ہیں، اس سے پاکستان بھی متاثر ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی، مستحکم افغانستان خطے کی سلامتی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب کی رائے ہے کہ یوکرین تنازع ختم ہو تاکہ انسانیت کو ماحولیات جیسے درپیش خطرات پر توجہ دی جا سکے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔