پاکستان کپ کے لیے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز کا اعلان

61
President Trophy Grade
President Trophy Grade

لاہور۔26فروری (اے پی پی):ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے بعد اب پاکستان کپ بھی ڈومیسٹک کرکٹ کے باصلاحیت اور نوجوان کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کا ایک بہترین موقع فراہم کررہا ہے۔2 مارچ سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی آسٹریلیا کے تاریخی دورہ پاکستان میں شامل وائٹ بال سیریز کا حصہ بن سکتے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کو تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے بعد تین ون ڈے انٹرنیشنل اور واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔اس سلسلے میں پی سی بی نے پاکستان کپ میں شریک تمام چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان فاسٹ با ولرز زمان خان ، سلمان ارشاد اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کے علاوہ حال ہی میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ اور ایشیا کپ انڈر 19 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کپتان قاسم اکرم، وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ خان اور مہران ممتازکو بھی اعلان کردہ اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے۔

ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے آخری ٹورنامنٹ میں شامل تمام اسکواڈز 16، 16 کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔ان کے علاوہ پاکستان وائٹ بال ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان، بیٹرزفخر زمان، حیدر علی، آصف علی اور خوشدل شاہ اور باولرز محمد وسیم جونیئراور شاہنواز دھانی بھی 31 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں کابھرپور اظہار کریں گے۔ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا آغاز 2 مارچ سے ہوگا۔

ایونٹ میں دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کی قیادت افتخار احمدجبکہ سینٹرل پنجاب کی کپتانی رضا علی ڈار کے سپرد کی گئی ہے۔اسی طرح بلوچستان کی قیادت یاسر شاہ اور ناردرن کی کپتانی شاداب خان کریں گے۔ فاسٹ باولر میر حمزہ کو سندھ جبکہ سلمان علی آغا کو سدرن پنجاب کا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔