پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، جنرل ندیم رضا کا پاک فضائیہ کیڈٹس کی گریجویشن تقریب سے خطاب

140

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی): چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،کسی ملک کو خطے کی غیر مستحکم صورتحال سے ناجائز فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے، کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔وہ پاک فضائیہ کیڈٹس کی گریجویشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹا ف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ افواج پاکستان روایتی اور غیر روایتی ہر طرح کے خطرات سےنمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے آئیڈیل پر قائم ہے۔ پاکستانی قوم اور ہماری مسلح افواج نے علاقائی استحکام اور عالمی امن کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ہم بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال سے پوری طرح باخبر ہیں اور کسی بھی ملک کو غیر مستحکم علاقائی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے خلاف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس پیشہ ورانہ زندگی کے آغاز میں یہ یاد رکھیں کہ آپ پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع کی ایک بھاری ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھانے جا رہے ہیں۔ لہٰذا، امن اور جنگ دونوں صورتوں میں یہ آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کہ آپ مستقبل کے پیشہ ورانہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کریں۔ ایسا کرنے کے لیئے آپ کو ہمارے عظیم پیشروؤں کی شجاعت کے کارناموں سے اپنے جذبوں کو تحریک دینی ہے اور پاکستان کے پرچم کو ہمیشہ سر بلند رکھنا ہے۔‘‘