پاکستان کی بھارتی قابض فورسز کی جانب سے سید علی گیلانی کا جسد خاکی انکے اہلخانہ سے قبضے میں لینے کے وحشیانہ عمل کی شدید الفاظ میں مذمت

57

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارتی قابض فورسز کی جانب سے سید علی گیلانی کا جسد خاکی انکے اہلخانہ سے قبضے میں لینے کے وحشیانہ عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت سید علی گیلانی سے ان کی موت کے بعد بھی خوفزدہ ہے،یہ قابض افواج کی طرف سے بے حسی کی انتہاکو ظاہر کرتا ہے، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے تمام سول اور انسانی اقدار کو پامال کرے گا۔

جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سید علی گیلانہ کے اہل خانہ مرحو م تدفین کی تیاریاں کر رہے تھے کہ قابض بھارتی فورسز کے بھارے دستے نے سری نگر میں انکی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا ،اہلخانہ کے ارکان کو ہراساں کرتے ہوئے اور سید علی گیلانی کی میت کو چھین کر لے گئے۔

جب اہل خانہ نے قابض فورسز کو بتایا کہ سید علی گیلانی کی وصیت کے مطابق انہیں ”شہداءقبرستان“ سری نگر میں دفنایا جائیگا تو قابض فورسز نے بتایا کہ سید علی گیلانی کی میت کو انکی مرضی کے مقام پر دفنانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

ترجمان کا کہنا کہ بھارتی حکومت موت کے بعد بھی سید علی گیلانی سے خوفزدہ ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سید علی گیلانی کو سپرد خاک کر دیا گیا جبکہ وادی میں کرفیو نافذ کیا گیا تھااور تمام انٹر نیٹ سروس معطل کر دی گئی تھی ۔

ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی اس بے مثال اور سنگین صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کو بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ٹھہرانا چاہیے۔