لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے جمہوریت ناگزیر ہے،جمہوریت کانظام ہی آگے بڑھنے کا راستہ دکھاتا ہے۔
اتوار کے روز عالمی یومِ جمہوریت پر وزیر اعلی مریم نواز نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ جمہوریت کے تحفظ کیلئے محمد نواز شریف سمیت تمام جمہور پسند رہنمائوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ،پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے جمہوریت ناگزیر ہے،معاشی اور سیاسی استحکام صرف توانا جمہوریت ہی لا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت محض طرزِ حکومت نہیں بلکہ عوام کی طاقت، حقوق اور ان کی خدمت کا نظریہ ہے، جمہوریت عوام کو اپنے نمائندوں کے ذریعے خود فیصلہ کرنے کا اختیار دیتی ہے،اس کے استحکام سے ہی ملک میں ترقی اور خوشحالی آتی ہے ۔
وزیر اعلی نے کہا کہ جمہوریت کانظام ہی آگے بڑھنے کا راستہ دکھاتا ہے، یہ معاشرتی انصاف کی ضمانت اور عوامی خوشحالی کا ذریعہ ہے،مسلم لیگ (ن) نے جمہوری اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے، پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت زندہ باد، پاکستان پائندہ آباد۔