32.9 C
Islamabad
اتوار, مئی 4, 2025
ہومتجارتی خبریںپاکستان کی معیشت تنگی سے نکل چکی، آئندہ بجٹ ترقی کا ہوگا،...

پاکستان کی معیشت تنگی سے نکل چکی، آئندہ بجٹ ترقی کا ہوگا، ہارون اختر خان

- Advertisement -

لاہور۔3مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت تنگی سے نکل کر استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکی ہے، آئندہ وفاقی بجٹ کو ملکی ترقی، صنعتی بحالی اور معاشی خودمختاری کا سنگِ میل بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر ثاقب فیاض مگوں، ریجنل چیئرمین زین افتخار چوہدری، وزارت صنعت و پیداوار کے سیکرٹری سیف انجم، تاجر برادری اور صنعت کاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو ملکی ترقی کا محور سمجھتی اور اس کے تمام ممکنہ مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے، پاکستان کا کاروباری شخص بے پناہ پوٹینشل رکھتا اور حکومت اس کا ہاتھ تھام کر صنعتی انقلاب برپا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سمیڈا کے ذریعے نوجوانوں کو چھوٹے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ حکومت اب SMEs کے بعد لارج اسکیل انڈسٹری پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے جس کے لیے ایک جامع پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے، بند پڑی صنعتوں کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ پیداوار میں اضافہ ہو اور روزگار کے مواقع بڑھیں۔معاشی ترقی کے لیے برآمدات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ آم، پیاز، سٹریس اور دیگر اجناس کی برآمدات بڑھانے پر کام جاری ہے، علاوہ ازیںپہاڑی علاقوں میں تیلدار اجناس کی کاشت کو فروغ دے کر زراعت کے شعبے کو ترقی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں حلال گوشت ودودھ کی صنعت عالمی معیار پر پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری وسہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت گوبر سے بائیو گیس بنانے کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے جس سے نہ صرف دیہی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ ملک کا پیٹرولیم درآمدی بل بھی کم ہوگا۔گاڑیوں کے شعبے میں اہم پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت 2، 3 اور 4 پہیوں والی گاڑیوں کے لیے نئی وہیکل پالیسی لا رہی ہے جس کا مقصد ماحول دوست اور توانائی موثر ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز پر ٹیکس چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہری جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہو۔ہارون اختر خان نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک دیوالیہ نہیں ہوتا، صرف درست حکمت عملی اور فیصلہ سازی کی ضرورت ہوتی ہے، پاکستان کے برآمدکنندگان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ عالمی منڈی میں موثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ پاکستان کو 4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جو کہ معیشت کے استحکام کی واضح علامت ہے،یہ ترسیلات نہ صرف معیشت کو سہارا دیتی ہیں بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا باعث بھی بنتی ہیں۔

ہارون اختر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم کا ویژن ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے شکنجے سے نکل کر ایک خودمختار اور خودانحصار معیشت بنے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ نہ صرف صنعتی و تجارتی ترقی کا مظہر ہوگا بلکہ اس میں نوجوانوں، کسانوں اور کاروباری طبقے کے لیے ٹھوس ریلیف وترقیاتی اقدامات شامل کیے جائیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591907

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں