پاکستان کی معیشت میں خواتین کا کلیدی کردار ہے،قر العین

123
FPCCI

لاہور۔12نومبر (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسڑی(ایف پی سی سی آئی)کی قائمقام صدر قر العین نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں خواتین کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور خواتین کی شب وروز کی محنت ملک کی ترقی میں مزید معاون ثابت ہو گی۔

ایف پی سی سی آئی ہمیشہ خواتین کے کردار کو تسلیم کرتی رہی ہے اور اس نے خواتین کاروباری افراد کے لئے بے شمار مواقع فراہم کیے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی نے خواتین کی معاشی خودمختاری اور کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے کے لئے مختلف اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب کے تمام ویمن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نو منتخب صدور کے ساتھ خصوصی اجلاس کے موقع پر کیا۔

اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر زین افتخار،سابق ریجنل چیئرمین منظور الحق ملک اور ویمن چیمبرز کی بانی صدور نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔قر العین نے مزید کہاکہ آج کے اجلاس کا مقصد خواتین چیمبرز کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانا، درپیش چیلنجز اور مواقع کا جائزہ لینا، اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور و فکر کرنا ہے۔ایف پی سی سی آئی آنے والے دنوں میں پالیسی سازی اور خواتین کاروباری طبقے کی نمائندگی کو مزید موثر بنانے کے لیے سرگرم ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے آئندہ کے منصوبوں میں خواتین کو کاروباری نیٹ ورکس، سرمایہ کاری کے مواقع اور پالیسی میکنگ میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ایف پی سی سی آئی کی موجودہ قیادت سمجھتی ہے کہ خواتین کی شمولیت سے ہی معیشت کو حقیقی استحکام اور ترقی مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایف پی سی سی آئی نے مختلف اہم اداروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں،قر العین نے مزید کہاکہ ایف پی سی سی آئی نے 2024-25 کے دورانیئے کے لئے خواتین اسٹینڈنگ کمیٹی کی ممبرشپ فیس میں 50فیصد کی رعایت دی ہے تاکہ کاروباری خواتین کو مزید حوصلہ ملے اور وہ تجارتی، صنعتی، معاشی اور پالیسی سازی کی سرگرمیوں میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔