پاکستان کی میزبانی میں (آج ) ہفتہ کودنیا بھر میں عالمی یوم ماحولیات منایا جائے گا، مرکزی تقریب جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی،وزیر اعظم مہمان خصوصی ہوں گے

253

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):اسلام آباد (اے پی پی):پاکستان کی میزبانی میں( آج) 5 جون کو دنیا بھر میں عالمی یوم ماحولیات 2021 منایا جائے گا۔ اس حوالے سے مرکزی تقریب جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی، وزیراعظم عمران خان تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ دنیا کے مختلف ممالک اور عالمی اداروں کے مندوبین کورونا کی وجہ سے ورچوئل طور پر تقریب میں شرکت کریں گے ۔ پاکستان کی جانب سے عالمی یوم ماحولیات کے میزبان ملک کی حیثیت سے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت ایک ارب درخت لگانے کا ہدف حاصل کرنے، رضاکارانہ بون چیلنج قبول کرنے، سمندری حیات کے لئے محفوظ علاقوں کے قیام اور ملک کے پہلے گرین بانڈ کے اجراء سمیت نیچر فنانسنگ کے جدید طریقے متعارف کرانے جیسی بڑی کامیابیوں کا اعلان کیا جائے گا۔ اس موقع پر دلچسپی رکھنے والے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ایکو سسٹم کی بحالی کے لئے عالمی اتحاد کی تشکیل کے بارے میں اہم اعلان بھی متوقع ہے۔

عالمی یوم ماحولیات کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل یو این پروگرام برائے ماحولیات اینگر اینڈرسن، ادارہ برائے خوراک و زراعت ایف اے او، یو این ہیبیٹاٹ اور یو این ڈی پی کے سینئر حکام، جرمنی اور سعودی عرب کے حکومتی عہدیداران سمیت دیگر اعلیٰ مندوبین بھی شرکت کریں گے۔ پاکستان کو عالمی یوم ماحولیات کی تقریبات کی میزبانی کا یہ اعزاز وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی جانب سے قدرتی ماحول کی بحالی و تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے قدرتی طریقوں کو بروئے کار لانے کی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے حیاتیاتی تنوع کے کنونشن اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے قائدانہ خطاب اور ان کی قیادت میں صاف و سرسبز پاکستان پروگرام، ٹین بلین ٹری سونامی پراجیکٹ اور جنگلی حیات کے لئے محفوظ علاقوں کو فروغ دینے جیسے قدرتی ماحول کے تحفظ اور بحالی کے منصوبوں کی صورت میں پاکستان کے بین الاقوامی لیڈر کی حیثیت سے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے یو این ای پی نے عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کی پیشکش کی تھی۔ عالمی یوم ماحولیات دنیا بھر میں ہر سال 5 جون کو منایا جاتا ہے۔ اس سال عالمی یوم ماحولیات "ایکو سسٹم کی بحالی” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر فطرت کے ساتھ اپنے تعلق کو از سرِ نو قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جائے گا۔

 

دریں اثنا عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے جمعہ ایک ورچوئل تقریب میں اقوام متحدہ کی عشرہ بحالی ایکو سسٹم 2021 تا 2030 کا بھی باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سمیت کئی عالمی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی سے پاکستان کا دنیا میں مثبت تشخص ابھرے گا جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیات کے تحفظ و فروغ کے حوالے سے قومی عزم، پروگراموں، منصوبوں اور کامیابیوں کو بین الااقوامی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع بھی میسر آئے گا۔ پاکستان میں عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے سرگرمیوں کا اہتمام وزارت موسمیاتی تبدیلی کر رہی ہے۔ ماحولیات سے متعلق امور کی مانیٹرنگ کرنے والے ادارہ جرمن واچ کے مطابق پاکستان گزشتہ 20 سال کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے۔

پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے باعث 2010 کے بعد مسلسل سیلابوں، تھرپارکر اور چولستان میں شدید خشک سالی، ملک کے جنوبی حصے میں شدید گرمی کی لہر، آندھی، سمندری طوفان، لینڈ سلائیڈنگ اور ملک کے شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے پگھلنے سے بننے والی جھیلوں کے ٹوٹنے کی وجہ سے سیلاب جیسی کیفیات کے خطرات کا سامنا ہے۔ پاکستان کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے چند بڑے خطرات میں شدید موسمی حالات بشمول بے ترتیب بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور خشک سالی کی صورتحال، گلوبل وارمنگ اور خطے میں آلودگی کے باعث کاربن کی سطح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ہندوکش۔

قراقرم۔ ہمالیائی گلیشیئرز کے پگھلنے میں تیزی، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں کمی، درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے گرمی بڑھنے اور پانی کی کمی کی صورتحال اور اس کے نتیجے میں زرعی پیداوار پر منفی اثرات، موسمی حالات میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے باعث جنگلات کے کم ہوتے رقبے پر دباؤ، ساحلی علاقے میں زراعت، مینگروز اور مچھلی کی افزائش نسل کے لئے ماحول ناسازگار ہونے کے علاوہ انسانی صحت کے لئے بھی خطرات بڑھے ہیں۔ حکومت پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث رونما ہونے والے ان بڑے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ایک پالیسی فریم ورک کے تحت حکمت عملی وضع کی ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور ماحولیات کے تحفظ و فروغ کے لئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے بڑے اور انقلابی اقدامات کیے ہیں ان میں ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام، پروٹیکٹڈ ایریاز پراجیکٹ، کلین گرین پاکستان انڈیکس اور چیمپیئنز پروگرام، گرین اکنامک سٹیمولس (سبز روزگار)، نیشنل ایڈاپٹیشن پلان کی تشکیل، ایکو سسٹم کی بحالی، کلائمیٹ سمارٹ ایگریکلچر اور ریچارج پاکستان جیسے منصوبے شامل ہیں۔ عالمی یوم ماحولیات کی تقریب میں پاکستان کے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے بارے میں ویڈیوز کے علاوہ نغمے بھی پیش کیے جائیں گے۔