پاکستان کی نئی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

138

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) پاکستان کی نئی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، وہ ملکی تاریخ میں پہلی خاتون سیکرٹری خارجہ ہیں۔ انہیں اعزاز چوہدری کی امریکہ میں پاکستان کے نئے سفیر کے طور پر تعیناتی کے بعد سیکرٹری خارجہ کا عہدہ سونپا گیا۔ انہوں نے 1984ءمیں فارن سروسز میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ کثیر الجہتی سفارتکاری میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ وہ دسمبر 2011ءسے 2015ءتک روم میں پاکستانی سفیر کے طور پر خدمات سرانجام دے چکی ہیں، اسی طرح بیرون ملک دیگر سفارتی ذمہ داریوں کے علاوہ وہ اقوام متحدہ کے ساتھ ساتھ سوویت یونین اور مشرقی یورپ ڈیسک پر بھی تعینات رہ چکی ہیں۔