مظفر آباد۔ 03 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر نے پہلگام میں بھارتی فوج کے فالس فلیگ آپریشن میں نہتے شہریوں کی ہلاکت کے بعد مودی حکومت کے جارحانہ طرز عمل اور یکطرفہ اقدامات کیخلاف نیشنل سکیورٹی کونسل کے اجلاس کے ذریعے حکومت پاکستان کے جوابی اقدامات کی مکمل تائید وحمایت کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ پاکستان کے دفاع وسلامتی کے لیے کشمیری عوام مسلح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،پیپلزپارٹی نے سفارتی محاذ پر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے وفاقی سطح پر نائب وزیر خارجہ برائے کشمیر یا کشمیر پر خصوصی سفارتی ایلچی مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیاہے۔
سابق صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر سپیکر اسمبلی،وزیر سماجی بہبود سید بازل نقوی،وزیر فشریز وترقیاتی ادارہ سردار جاوید ایوب،سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ مبارک حیدر،جہانگیر مغل اور سابق امیدوار حلقہ لیپہ شوکت جاوید میر کے ہمراہ سٹیٹ گیسٹ ہاؤس مظفرآباد میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے راہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے پہلگام سانحہ کے بعد یکطرفہ بھارتی پروپیگنڈے اور الزامات کے جواب میں نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلاکر جو بھی جوابی اقدامات اٹھائے لائق تحسین ہیں،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے خطاب اور میڈیا انٹرویوز میں مسلح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے اور بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعلان کیا۔
انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی بھی مذمت کی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی سالمیت کے حوالے سے عوامی توقعات کے مطابق پارٹی موقف کا اعادہ کیا جو کہ پارٹی کارکنوں کے لیے بھی باعث اعزاز ہے۔پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے راہنماؤں نے سانحہ پہلگام کی غیر جانبدار تحقیقات کے وزیراعظم پاکستان کے مطالبہ کی مکمل تائید کی اور کہا کہ ہندوستان اب منفی پروپیگنڈہ بے نقاب ہونے پر تحقیقات سے بھاگ رہا ہے،سفارتی سطح پر ہندوستان کا جھوٹ بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے،ماضی کی تاریخ سے عیاں ہے کہ ہندوستان نے ہمیشہ فالس فلیگ آپریشن جیسے خود ساختہ اقدامات کا الزام پاکستان پر لگایا اور مخصوص مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی۔بل کلنٹن کے دورہ کے دوران بھی اسی طرح کا ڈھنڈورہ پیٹا گیا تھا،پلوامہ اور پہلگام کے واقعات میں مماثلت ہندوانتہا پسند مودی سرکار کی سوچ کی عکاس ہے
،ہندو ووٹ بینک محفوظ کرنے کے لیے بی جے پی مسلمانوں کے خلاف نہ صرف یکطرفہ منفی پروپیگنڈہ کرتی ہے بلکہ مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف دہشتگردی بھی کی جارہی ہے۔بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ میں بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کو حاصل بھارتی تائید وحمایت بے نقاب کی ہے،افواج پاکستان نے ہر محاذ پر ہندوستانی دہشتگردی اور جارحیت کا بھرپور اور ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
کشمیریوں کی تحریک آزادی ختم کرنے کی کوششوں میں ناکامی کے بعد اب صرف ناجائز قبضہ قائم رکھنے کے لیے بھارتی فوج دہشتگردی پر اتر آئی ہے،چند دنوں میں پہلگام واقعہ کی آڑ میں 50 سے زائد مکان مسمار کیے گئے ہیں،5 ہزار سے زائد نوجونوں کو گرفتار کیاگیا ہے جبکہ ایک درجن کے قریب بے گناہ نہتے شہری شہید کیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے منفی پروپیگنڈہ اور بھارتی حکومت کے یکطرفہ اقدامات سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ پہلگام واقعہ بھی منظم اور طے شدہ منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔پیپلزپارٹی کے راہنماؤں نے کہا کہ دو روز قبل مظفرآباد میں ہونے والی منعقد ہونے والی آل پارٹیز میں شریک آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے ممکنہ بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591843