اسلام آباد/ننکانہ صاحب ۔ 16اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام سیاسی لحاظ سے انتہائی باشعور ہیں،اُن کو اس حقیقت کا بخوبی ادراک ہے کہ پاکستان کی حقیقی ترقی میں کس سیاسی رہنما کا کتنا کردار ہے ۔انہوں نے یہ بات اتوارکو ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدرآباد کے نواحی قصبے برنالہ میں گیس فراہمی کی تقریب کے موقع پر عوام کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ تاریخ ساز گیم چینجر منصوبے سے متعلق پورے پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ یہ منصوبہ محمدنواز شریف کے وژن کی تخلیق ہے کہ جس کے تحت 1990 کی دہائی میں موٹروے منصوبے کی صورت میں افتتاح کیا گیا تھا۔