23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کے قومی دن کی مناسبت سے قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ...

پاکستان کے قومی دن کی مناسبت سے قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیراہتمام استقبالیہ ، بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

- Advertisement -

قاہرہ۔9اپریل (اے پی پی):پاکستان کے 85 ویں قومی دن کی مناسبت سے قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانہ نے مقامی ہوٹل میں استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر مصر کے سرکاری کاروباری شعبہ کے وزیر انجینئر محمد شمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصر میں پاکستانی کے سفیر عامر شوکت نے قائد اعظم محمد علی جناح کی مثالی قیادت میں قیام پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے بانیان مملکت کی گراں قدر قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

- Advertisement -

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہونے کے ناطے تزویراتی طور پر خطہ میں مواصلاتی محور، توانائی کی گزرگاہ، جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور چین کےلئےاقتصادی اور سمندری گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ سفیر عامر شوکت نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد، سستی افرادی قوت اور زبردست قدرتی وسائل کے ساتھ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے ایک مثالی مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے میکرو اکنامک استحکام، کاروبار کرنے میں آسانی اور مہنگائی میں کمی کےلئےعملی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے اہم شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار پر روشنی ڈالی۔

سفیر نے کہا کہ آزادانہ ویزا نظام پہلے کی نسبت زیادہ سیاحوں کو پاکستان آنے کی طرف راغب کر رہا ہے۔ پاکستان اور مصر کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے سفیر عامر شوکت نے دوطرفہ سیاسی، اقتصادی، دفاعی، ثقافتی، صحت اور تعلیمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے دونوں برادر ممالک کی قیادت کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی تبادلوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی انجینئر محمد شمی نے پاکستان کی حکومت اور عوام کو 85 ویں قومی دن پر مبارکباد دی۔

انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے مصر کی قیادت کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے دوران پاکستان انٹرنیشنل سکول قاہرہ کے طالب علموں نے ثقافتی پرفارمنس پیش کی جس میں پاکستان کی تمام وفاقی اکائیوں کی ثقافت کی نمائش کی گئی۔ اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی ہوئی۔ تقریب میں پاکستان کے فنون، دستکاری اور ثقافتی ورثے اور برآمدی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لئےقائم خصوصی کارنر نے معزز شخصیات اور مہمانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔

قبل ازیں مصری ایوان صدر کے چیمبرلین نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی طرف سے مبارکباد کا پیغام بھی دیا۔ استقبالیہ میں مصری حکومت کے حکام، سفارتی کاروں، تاجر برادری، ماہرین تعلیم، صحافیوں اور مصر میں پاکستانی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579936

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں