پاک افغان تعاون فورم کے اشتراک سے مزید 19 ٹرک امدادی سامان افغان حکام کے حوالے

165

پشاور۔17مارچ (اے پی پی):پاک افغان تعاون فورم کے اشتراک سے مزید 19 ٹرک امدادی سامان پاک افغان سرحد طورخم پر افغان حکام کے حوالے کرنے کی تقریب کاانعقاد کیاگیا ۔ اس موقع پرالخدمت فاونڈیشن کے مرکزی نائب صدر خالد وقاص،بحراللہ خان ایڈوکیٹ ،الخدمت فائونڈیشن کے سینئر منیجر محمد وسیم اور صوبائی میڈیا منیجر نورالواحدجدون نے تحصیلدار لنڈی کوتل اور پاک افغان تعاون فورم کے منتظمین کی موجودگی میں امدادی سامان سے لدے 19ٹرک امارت اسلامی افغانستان کے اعلی حکام کے حوالے کئے جن میں کروڑوں روپے مالیت کے فوڈ اور ونٹر پیکجز ، گرم ملبوسات اور بچوں کے لئے خشک دودھ،غذائی اشیاءسمیت دیگر امدادی سامان شامل ہے۔واضح رہے کہ یہ الخدمت فاونڈیشن کی ساتویں امدادی کھپ ہے ۔

اس موقع پر الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر خالد وقاص نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن پاک افغان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے اب تک 126ٹرکوں کے ذریعے 1060 ٹن سے زائد امدادی سامان افغان حکام کے حوالےکر چکی ہے جس کی مالیت تقریبا 26 کروڑ بنتی ہیں جو افغانستان کے صوبے کنڑ، پکتیکا،ننگرہار،کابل،ہلمند،قندہار اورشمالی افغانستان کے دیگر صوبوں میں شدید موسمی حالات اور برفباری کی وجہ سے نکل مکانی پر مجبور لاکھوں مستحق خاندانوں کو فراہم کیا گیا جائے گا ۔

انہوں نے مخیر افراد سے اپیل کی کہ رمضان المبارک کی آمدسے قبل افغانستان کے مستحق متاثرین کے ساتھ امداد کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ مشترکہ کاوشوں کے ذریعے مظلوم افغانی عوام کی مشکلات پر قابوپایا جاسکے۔اس موقع پرامارت اسلامی افغانستان کے اعلی حکام نے الخدمت فاونڈیشن حکومت پاکستان اور پاک افغان کوآپریشن فورم کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ مظلوم عوام کے ساتھ تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔