پاک ایران ثقافتی ورثہ کافی مماثلت رکھتا ہے،شوکت یوسفزئی

124

پشاور۔10فروری (اے پی پی):صوبائی وزیرثقافت شوکت یوسفزئی نے کہاکہ ایران اور پاکستان ہمسایہ ممالک ہیں انہیں باہمی اتحاد کی ضرورت ہے ۔ دونوں ممالک کے ثقافتی ورثہ کافی مشابہت رکھتے ہیں پاک ایران دوستی وال کا افتتاح احسن اقدام ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطورمہمان خصوصی پشاور میں خانہ فرہنگ ایران میں ایران کی 42 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ نمائش میں کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایران کے کونصلر جنرل حمید رضا قمی، ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ مہران اسکندریان اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔ ایران کے قومی دن کے موقع پر خانہ فرہنگ میں ایران کی ثقافتی اشیائ، ہینڈی کرافٹ ، ثقافتی و سیاحتی مقامات کی تصاویری نمائش، ایرانی ثقافتی فلم شوسمیت طلبہ کی جانب سے پاک ایران دوستی پر تیار کی جانے والی پاک ایران دوستی دیوار کا افتتاح بھی کیاگیا ۔ صوبائی وزیر ثقافت و محنت شوکت یوسفزئی نے کہاکہ پاکستان اورایران کی ثقافت ملتی جلتی ہے دونوں ممالک اس شعبے سمیت تجارت میں مل کر کام کرسکتے ہیں۔ نوجوان نسل کیلئے کلچر متبادل پروگرام منعقد کرنے سے انہیں دونوں ممالک کی ثقافت، سیاحت ، کھیل سمیت مختلف امور کو جاننے کے مواقع میسر ہونگے ۔ اس موقع پر ایران کے کونصلر جنرل حمید رضا قمی نے کہاکہ صوبائی وزیر سے دونوں ممالک کی ثقافت کی رونمائی اور اسے مزید آگے بڑھانے کیلئے نشترہال پشاور میں ثقافتی نمائش سمیت دیگر پروگرام منعقد کرنے کی درخواست بھی کی ۔