پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نصر زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا

170

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نصر زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 28 فروری کو کراچی سے پہلی بحری کھیپ روانہ کی۔

بحری جہاز نے 13 مارچ کو شام میں امدادی سامان پہنچایا جبکہ پیر کو یہ بحری جہاز امدادی سامان لے کر ترکیہ کی مرسین بندرگاہ پر پہنچا۔ مرسین کے گورنر، پاکستان کے سفیر اور دیگر حکام نے امدادی سامان وصول کیا۔ پی این ایس نصر کے ذریعے ترسیل کئے گئے امدادی سامان میں 1800 ٹائپ۔1 خیمے اور 22 ہزار کمبل شامل تھے۔